مقبول مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر عرب حکمران خاندانوں پر تنقید کرنے کے جرم میں کویت کے دو شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
ٹوئٹر پر حکمران خاندانوں پر تنقید کرنے کے جرم میں نثر ابول اور لارنس الرشید کا ٹرائل کیا جائے گا۔ نثر ابول کو بحرین اور سعودی عرب کے سنی مسلم شاہی خاندانوں جبکہ لارنس الرشید کو امیر کویت کے خلاف گستاخانہ کمنٹس پوسٹ کرنے پر گرفتار کیا گیا۔ عدالتی سماعت کی تاریخ ملنے سے قبل دونوں شہریوں کو دو ہفتے تک قید میں رکھا جائے گا۔ دونوں افراد پر خلیج عرب کی ریاستوں کے مفادات کو نقصان پہنچانے اور ملک کے حکمرانوں کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے کی دفعات عائد کئے جانے کی توقع ہے۔
بحرین میں جمہوریت کے لئے مظاہرے کرنے والے افراد فیس بک اور ٹوئٹر جیسے سوشل میڈیا کو بحث اور معلومات کے تبادلے کے لئے استعمال کر رہے ہیں۔