پاکستان میں موبائل فون صارفین کی تعداد دس کروڑ سے زائد ہوگئی ہے، ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے منافع کے لحاظ سے روز بروز ترقی کی نئی منزلیں طے کررہے ہیں۔
پاکستان ان سرکردہ دس ملکوں کی صف میں شامل ہے جہاں دنیا بھر میں سب سے کم کال ریٹ وصول کی جاتی ہے جبکہ مجموعی طور پر موبائل فون استعمال کرنے والے افراد کی تعداد دس کروڑ تک پہنچ گئی ہے۔ علاوہ ازیں ملک بھر میں چھ لاکھ 88 ہزار 373 صارفین براڈ بینڈ انٹرنیٹ سروس سے مستفید ہو رہے ہیں۔ حکام کے مطابق ٹیلی کام کا شعبہ ملک کے 13 لاکھ ساٹھ ہزار افراد کو براہ راست یا بلواسطہ ملازمت کے مواقع فراہم کررہا ہے۔ پاکستان نے سافٹ ویئر کی برآمدات پر 2018ء تک ٹیکس کی چھوٹ دی ہے اور اس شعبے میں کم سے کم سرمایہ کاری کی شرح ڈیڑھ لاکھ ڈالر مقررکی گئی ہے۔