ایپل‘ کے بانی اور چیف ایگزیکٹو سٹیو جابز نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے اور کمپنی کے چیف آپریٹنگ آفیسر ٹِم کُک کو ان کی جگہ نیا چیف ایگزیکٹو مقرر کیا گیا ہے۔

مسٹر جابز کا، جو پِتے کے کینسر کی وجہ سے اپنے جگر کی پیوند کاری کروا چکے ہیں، کہنا ہے کہ وہ اب چیف ایگزیکٹو کے عہدے کے فرائض اور اس سے وابستہ امیدوں پر پورا نہیں اتر سکتے۔

انہوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ اب کمپنی کے چیئرمین کی حیثیت سے کام کریں گے۔

پچپن سالہ سٹیو جابز سترہ جنوری سے بیماری کی چھٹی پر ہیں۔

ایپل کے بورڈ کو لکھے گئے ایک مختصر خط میں انہوں نے لکھا ہے کہ ان کا ہمیشہ سے یہ موقف رہا ہے کہ اگر وہ دن آیا کہ وہ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کے فرائض اور اس عہدے سے وابستہ امیدوں پر پورے نہیں اترنے قاصر ہوئے اور وہ پہلے شخص ہوں گے جو انہیں اس سے آگاہ کریں گے۔

’بدقسمتی سے وہ دن آ گیا ہے اور میں اس خط کے ذریعے ایپل کے چیف ایگزیکٹو کے عہدے سے استعفیٰ دیتا ہوں۔‘

’مجھے یقین ہے کہ ایپل کے سب سے شاندار اور اچھوتے دن ابھی آنے باقی ہیں اور مجھے اس بات کا انتظار رہے گا کہ میں نا صرف ان دنوں کو دیکھوں بلکہ اپنی نئی حیثیت میں اس کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کروں۔‘

سنہ 2004 میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ سٹیو جابز پتّہ کے کینسر کا شکار ہیں اور اس کے بعد سے عوامی تقریبات میں ان کی عدم شرکت نے ان کی صحت کے بارے میں مزید افواہوں کو جنم دیا تھا۔

اس سے پہلے جنوری میں جب سٹیو جابز طبی وجوہات کی بنیاد پر رخصت پر گئے تھے اس وقت لکھے جانے والی ای میل میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ ایپل کے چیف ایگزیکٹو کے عہدے پر کام کرتے رہیں گے اور کمپنی کے اہم فیصلوں میں بھی شریک ہوں گے۔ تاہم کمپنی کے روزمرہ کے معاملات کی نگرانی اب ایپل کے چیف آپریٹنگ افسر ٹم کک کریں گے۔

ٹم کک ماضی میں بھی سٹیو جابز کی جگہ ایپل کے معاملات دیکھتے رہے ہیں۔

سٹیو جابز سنہ 1976 میں شروع ہونے والی ایپل کمپنی کے بانیوں میں سے ایک ہیں۔ انہوں نے 1985 میں ایپل سے علیحدگی اختیار کر لی تھی تاہم سنہ 1997 میں وہ ایپل میں واپس آئے تھے اور سنہ 2000 میں دوبارہ سے اس کے کل وقتی چیف ایگزیکٹو بن گئے تھے۔

 

By فخرنوید

قابلیت: ایم ایس سی ماس کمیونیکیشن بلاگز: پاک گلیکسی اردو بلاگhttp://urdu.pakgalaxy.com ماس کمیونیکیشن انگلش بلاگ http://mass.pakgalaxy.com ای میل:[email protected]

Leave a Reply

Your email address will not be published.