وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبے کے ہونہار طلباء و طالبات میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیں گے اور حکومت پنجاب کے اس انقلابی اقدام کو بھی آئی ٹی لیز کے منصوبے کی طرح شفاف طریقے سے مکمل کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ اس پروگرام سے تعلیمی شعبے کی بہتری پر دورس نتائج مرتب ہوں گے اور طلباء و طالبات کو تعلیمی سرگرمیوں میں تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا، انہوں نے چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دینے کی ہدایت کی جو منصوبے کے تمام پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے لائحہ عمل مرتب کرے گی، وہ آج یہاں ہونہار طلباء و طالبات میں ایک لاکھ کمپیوٹر ز کی تقسیم کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، جس میں کمپیوٹرز کی تقسیم کیلئے طریقہ کار طلباء کے انتخاب، لیپ ٹاپ کی خریداری سمیت تمام امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ڈاکٹر جاوید عبدالغنی نے منصوبے کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کو جدید تعلیم سے آراستہ کئے بغیر ترقی و خوشحالی کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا اور تعلیمی شعبے کی اسی اہمیت کے پیش نظر حکومت پنجاب نے اسے اپنی اولین ترجیح بنایا ہے، انہوں نے کہاکہ کمیٹی 7روز میں منصوبے پر عملدرآمد کے حوالے سے ٹائم لائن کا تعین کرکے پیش کرے تاکہ اس پروگرام پرجلد از جلد کام شروع کیا جاسکے۔

لیکن یہ اس منصوبہ میں یہ کہیں نہیں بتایا گیا ہے کہ ہونہار طالب علم کن بچوں کو سمجھا جائے گا۔ جو صرف پوزیشن ہولڈرز ہوں گے یا دوسرے بچے بھی شامل ہوں گے۔ خیر دیکھتے ہیں ۔ پنجاب کے خادم اعلیٰ بغیر کسی ہوم ورک جیسے پہلے آئی ٹی لیب سکولوں میں بنوائی ہیں جو بند پڑی ہیں۔ اس پر لگایا گیا پیسہ ضائع ہو رہا ہے۔ اب لیپ ٹاپ کی مد میں کتنا قومی سرمایہ اڑانے کے چکر میں ہیں۔

 

By فخرنوید

قابلیت: ایم ایس سی ماس کمیونیکیشن بلاگز: پاک گلیکسی اردو بلاگhttp://urdu.pakgalaxy.com ماس کمیونیکیشن انگلش بلاگ http://mass.pakgalaxy.com ای میل:[email protected]

Leave a Reply

Your email address will not be published.