برطانیہ میں حکام کا کہنا ہے کہ سماجی رابطے کی امریکی ویب سائٹ ٹوئٹر نے انہیں اس گمنام شخص کی معلومات فراہم کر دی ہیں جس نے اپنے پیغامات میں حکام پر الزامات عائد کیے تھے۔
ساؤتھ ٹائن سائیڈ کونسل کے حکام نے ان معلومات کے حصول کے لیے امریکی عدالت کا سہارا لیا تھا۔
ٹوئٹر نے اپنے کسی صارف کی تفصیلات کسی کو بھی جاری کرنے کی تصدیق نہیں کی۔ تاہم برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ ٹوئٹر کی جانب سے ملنے والی معلومات کی بنیاد پر’مسٹر منکی‘ نامی بلاگر کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
کونسل حکام نے اس وقت کیلیفورنیا کی عدالت سے رجوع کیا تھا جب اس کے تین کونسلرز اور ایک اہلکار نے شکایت کی تھی کہ ’مسٹر منکی‘ نامی ایک بلاگ میں ان پر الزامات لگائے گئے ہیں۔
اب کونسل کے ترجمان پال رابنسن کا کہنا ہے کہ ٹوئٹر نے ان کے وکلاء کو معلومات فراہم کر دی ہیں اور تکنیکی ماہرین اس کا جائزہ لے رہے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ مقدمہ ان افراد کے لیے ایک اشارہ ہے جو یہ سمجھتے ہیں کہ وہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر گمنام رہتے ہوئے ہر قسم کے تبصرے کر سکتے ہیں۔