سونی نے خبردار کیا ہے کہ ہیکنگ کے معاملے میں مزید تقریباً 25 ملین گیمرز کی ذاتی تفصیلات چوری ہونے کا خدشہ ہے۔
پیر کو سکیورٹی کی خلاف ورزی کے بعد سونی نے سونی آن لائن انٹرٹینمنٹ (ایس او ای) سروسز کو آف لائن کر دیا تھا۔
سونی کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔
گزشتہ ہفتے سونی نے اعتراف کیا تھا کہ شاید ہیکرز نے پلے سٹیشن کے 77 ملین یوزرز کی تفصیلات چوری کر لی ہیں۔
اپنے صارفین کو لکھے ایک پیغام میں سونی نے کہا ہے کہ ’پہلے ہمارا خیال تھا کہ کمپنی پر ہیکرز کے حملے میں ایس او ای صارفین کی تفصیلات چوری نہیں ہوئیں تاہم یکم مئی کو یہ اندازہ ہوا کہ ہو سکتا ہے کہ یہ تفصیلات چوری ہوئی ہوں‘۔
ایسو ی ایٹڈ پریس نے سونی کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ تازہ واقعہ 16 اور 17 اپریل کو ہوا ہے۔
یہ واقعہ سونی کمپنی کے ’پلے سٹیشن ‘ کو ہیک کر کے اس کے سکیورٹی کوڈ کو عام کرنے کے واقعہ سے بھی پہلے کا ہے۔
سونی کے مطابق حال ہی میں ہونے والی سکیورٹی بریچ میں لوگوں کے نام ،گھر کے پتے ، ای میل ایڈریس، تاریخِ پیدائش اور فون نمبر لیے گئے تھے۔
اس کے علاوہ آسٹریا، سپین،ہالینڈ اور جرمنی کے دس ہزار سات سو کسٹمرز کے ڈیبٹ کارڈز کی تفصیلات بھی چوری ہوئی ہیں۔
سونی کے مطابق ان تفصیلات میں 2007 کے اعدادوشمار سے لیے گئے لوگوں کے کارڈز نمبر اور ان کی ایکسپائری کی تاریخ بھی شامل ہے۔
سونی کی ترجمان تائنا رودریگز کا کہنا ہے کہ ابھی تک ایسی کوئی شہادت نہیں ملی ہے کہ ان تفصیلات کو کسی طرح کے غیر قانونی یا مالی فائدے کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔