گزشتہ دنوں ہیکرز نے ایس ایس ایل سرٹیفکیٹ حاصل کر کے سی آئی اے ، موساد اور ایم آئی کی سائیٹس میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی اور اس کی کڑیاں ایران سے مل رہی تھیں۔ جس کے بعد ہالینڈ کی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ سرکاری ویب سائٹس کی ہیکنگ کے حوالے سے ایران کے کردار پر تفتیش کی جا رہی ہے۔
وزارت داخلہ کے ترجمان ونسنٹ فان اسٹین نے البتہ یہ کہنے سے انکار کیا کہ ہالینڈ یا ایران میں موجود تہران حکام سے اس حوالے سے رابطہ کیا گیا یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مزید تفصیلات آئندہ ہفتے پارلیمنٹ کے نام خط میں شائع کی جائیں گی۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق دی ہیگ میں قائم ایرانی سفارت خانے کے حکام ردِ عمل کے لئے فوری طور پر دستیاب نہیں ہو سکے تاہم انہیں اس حوالے سے ای میلز میں بھیجی گئیں، جن کا جواب موصول نہیں ہوا۔