گزشتہ دو ماہ سے اردو بلاگرز کی تحاریر پر مشتمل ایک کتاب کو چھاپنے پر کام شروع ہوا جس کا سہرا جناب خاور کھوکھر صاحب اور جناب رمضان رفیق صاحب کے سر ہے ان دونوں صاحبان نے ملکر لگن اور دلجمی سے اس نا ممکن کام کو ممکن بنایا۔ اور اس کتاب کی تقریب رونمائی کے لئے مورخہ 28 فروری 2016 بروز اتوار الحمرا ہال نمبر 3 میں دوپہر 1 بجے منعقد کی گئی اس تقریب کا انعقاد اردو بلاگرز اور پاکستان فیڈرل یونین آف کالمسٹ کے زیر اہتمام  ہوئی۔ اس میں جو معزز مہمانان گرامی کو دعوت دی گئی ان میں جناب سعید آسی صاحب -کالم نگار و ڈپٹی ایڈیٹر نوائے وقت ۔۔ جناب عامر ہاشم خاکوانی روزنامہ دنیا نیوز ۔۔ ڈائیجسٹ صفحہ انچارج و کالم نگار ۔۔۔ جناب گل نو خیز اختر کالم نگار و سکرپٹ ایڈیٹر روزنامہ نئی بات ۔۔۔ جناب سید بدر سعید کالم نویس روزنامہ نوائے وقت ۔۔ جناب شہزادچوہدری  چئیرمین پاکستان فیڈرل یونین آف کالمسٹ اور جناب کاشف بشیر خان  اینکر تجزیہ نگار و صد ر پاکستان گروپ آف جرنلسٹس  نے اس تقریب میں شامل ہو کر محفل کو اور عزت بخشی۔

Urdu Bloggers Book Main

صبح 11:30 پر جب میں الحمرا ہال پہنچا توجناب خاور کھوکھر ، جناب رمضان رفیق اور جناب غلام عباس مرزا صاحب پہلے سے وہاں موجود تھے جنہوں نے اپنی محبتوں سے نوازا۔ پھر جوں جوں وقت گزرتا گیا دیگر اردو بلاگرز جن میں جناب محمد اسلم فہیم ، جناب ریاض  شاہد ، جناب ایم بلال ایم ،محترمہ نسرین غوری  ، جناب محمد انس اعوان ، جناب  نجیب عالم ، جناب ساجد شیخ اور کچھ خواتین بلاگرز کے ساتھ دیگر اردو بلاگرز بھی شامل ہوئے جن کے ساتھ تعارفی نشست نہ ہو سکی اس لئے ان کا ذکر کرنا مشکل ہو رہا ہے۔

جناب نجیب عالم صاحب نے آن لائن سٹریمنگ کے لئے اپنی زنبیل سے آلات نکالے اور اس کو سیٹ کرنے لگے ساتھ ساتھ  نوک جھوکہوتی رہی۔ میں اور جناب اسلم فہیم صاحب نے مائیک ٹیسٹنگ اور ڈائس کی سیٹنگ کی اس کے علاوہ رمضان صاحب کے دوست کی مدد سے ملٹی میڈیا پر بلاگرز کی تعارفی سلائیڈ چلانے کا اہتمام کیا یوں کرتے کراتے تقریبا 1:30 ہو گئے اور تقریب رونمائی کا آغاز جناب حافظ زاہد صاحب کی تقریر سے کیا گیا اس کے بعد ایک ڈاکٹری کی طالبہ نے ہدیہ نعت پیش کی جس کے بعد جناب  نجیب عالم صاحب کو ابتدائیہ بیان کرنے کے لئے بلوایا گیا ۔ ان کے  بعد جناب اسلم فہیم کو بلوایا گیا جنہوں نے مکمل تیاری کے ساتھ ایک اچھی تقریر کی۔  راقم الحروف کو بھی یک دم دعوت دے کر شش و پنج میں ڈال دیا گیا ہم نے بھی دل میں سب کو گوبھی کے پھول گردانتے ہوئے سرخرو ہونے کی کوشش کی ۔ اس کے بعد ریاض شاہد صاحب نے تفصیلی گفتگو کی دیگر مہمان گرامی اور نسرین غوری صاحبہ نے بھی سٹیج پر آکر اس تقریب کو مزید جلا بخشی۔

اس تقریب کی تقاریر میں جناب  شہزادچوہدری  چئیرمین پاکستان فیڈرل یونین آف کالمسٹ نے چند بلاگرز کی تحاریر کو پسند کرتے ہوئے ان کا نام لے کر زکر کیا۔ جن میں میری بلاگ پوسٹ جنگل و انسانی پارلیمنٹ کا زکر بھی موجود ہے۔ جس کا یو ٹیوب ربط یہاں موجود ہے۔


جناب کاشف بشیر خان  اینکر تجزیہ نگار و صد ر پاکستان گروپ آف جرنلسٹس  نے تمام اردو بلاگرز کو جرنلسٹ قرار دیتے ہوئے انہیں جرنلسٹس یونین میں ممبر شپ دنے کا اعلان کیا اور ان کو حقوق دلوانے کا اعلان کیا۔

جناب عامر ہاشم خاکوانی روزنامہ دنیا نیوز ۔۔ ڈائیجسٹ صفحہ انچارج و کالم نگار نے اردو بلاگرز کی خدمات اور کام کو سراہتے ہوئے انہیں اپنے ڈائجسٹ صفحہ کے لئے تحاریر بھیجنے کی دعوت دی جن کو ان کے نام اور بلاگ کے ساتھ شامل کیا جائے گا۔

اس تقریب کی کامیابی کا جتنا کریڈٹ جناب رمضان رفیق صاحب اور خاور کھوکھر صاحب کے ساتھ اردو بلاگرز کو جاتا ہے اس کے ساتھ ساتھ جناب ساجد شیخ صاحب اور حافظ زاہد صاحب کی اس کتاب کو کمپوز کرنے اور بعد ازاں اس کے چھاپنے کے مرحلے سے  لے کر مشکل مرحلوں کو وقت مقررہ پر پورا کرکے ایک شاندار کام کیا۔ میں خاص طور پر ساجد صاحب اور حافظ زاہد صاحب کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

اس تقریب میں جو بات اچھی لگی وہ یہ تھی کہ نہ اس میں کوئی مہمان تھا اور نہ ہی میزبان سب اس کی ایک خاندانی محفل سمجھ کر اپنے اپنے کام میں مگن نظر آئے۔ اس تقریب میں شامل ایسے اردو بلاگران جن کے نام تو ہم نے سن رکھے تھے وہ شامل بھی ہوئے لیکن وقت کی کمی کی وجہ سے ان کا فردا فردا تعارف نہ ہو سکا جس کا دکھ ہوا۔ کیونکہ اگر ان سب سے تعارفی بیٹھک ہو جاتی تو اردو بلاگرز کی  محبتوں میں مزید اضافہ ہوتا ۔

پہلی اردو بلاگرز کانفرنس کے بعد اس کتاب کی تقریب رونمائی نے اردو بلاگرز کے تشخص مزید استحکام بخشا۔ اس کے ساتھ ساتھ اردو بلاگرز کو مزید اچھا لکھنے کی تحریک بخشی۔

نوٹ: اس کتاب کی فہرست میں غلطی سے میرا نام فخرنوید سے فخر ندیم لکھا گیا ہے اور میرے دو مراسلے شامل کئے گئے ہیں

جنگل و انسانی پارلیمینٹ

مذہب کے نام پر کاروبار اور ہم

لاہور کے ایک معروف اخبار نے سٹی 42 نے اس تقریب کی کوریج پورے صفحہ پر کی ہے جس کا ربط یہ ہے۔

اردو بلاگرز کی پریزینٹیش سلائیڈ شو بھی یہاں پیش خدمت ہے۔

اردو بلاگرز کی پریزینٹیش سلائیڈ شو

 

By فخرنوید

قابلیت: ایم ایس سی ماس کمیونیکیشن بلاگز: پاک گلیکسی اردو بلاگhttp://urdu.pakgalaxy.com ماس کمیونیکیشن انگلش بلاگ http://mass.pakgalaxy.com ای میل:[email protected]

Leave a Reply

Your email address will not be published.