الیکٹرانکس اور گیمنگ کی دنیا کی مقبول ترین کمپنی سونی کے پلے سٹیشن نیٹ ورک پر ہیکرز نے ایک اور حملہ کیا ہے۔ سونی کے مطابق اس سال پلے سٹیشن نیٹ ورک پر ہونے والا یہ دوسرا بڑا حملہ تھا۔
کمپنی کے مطابق ہیکرز پلے سٹیشن سسٹم کو کوئی بڑا نقصان پہنچانے میں ناکام رہے اور اس حملے میں صرف 93 ہزار اکاؤنٹس کی معلومات چوری ہوئیں جنہیں عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ سونی نے ان اکاؤنٹس کے مالکان کو پاس ورڈ تبدیل کرنے کے طریقہ کار کی ای میل کر دی ہے۔ سونی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صارفین کی کل تعداد کے ایک فیصد کا بھی دسواں حصہ ہے جو اس حملے سے متاثر ہوا ہے۔ اس سے قبل اپریل میں ہیکرز نے آن لائن گیمنگ اور انٹر ٹینمنٹ نیٹ ورک کے 100 ملین سے زائد صارفین کے اکاؤنٹس کی معلومات چوری کر لی تھیں جس کی وجہ سے پلے سٹیشن نیٹ ورک ایک مہینہ بند رہا تھا۔