موبائل فون بنانے والی مقبول ترین کمپنی نوکیا نے رومانیہ، جرمنی اور امریکہ میں 3500 ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ چند ماہ قبل بھی نوکیا نے 4000 ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق نوکیا 2011 کے اختتام تک رومانیہ میں اپنی فیکٹریاں جبکہ 2012 کے اختتام تک جرمنی اور امریکہ میں اپنی لوکیشنز اور کامرس ڈیویلپمنٹ بند کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ کمپنی کے مطابق ملازمین میں اتنی بڑی تعداد میں کمی ری سٹرکچرنگ کی کوششوں میں سے ایک ہے۔
ماہرین کے مطابق نوکیا اپنی مینو فیکچرنگ کو ایشیا میں منتقل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے کیونکہ اس وقت ایشیا دنیا کی ابھرتی ہوئی بڑی مارکیٹ ہے۔
رومانیہ میں نوکیا کی فیکٹری میں کام کرنے والے 1900 ملازمین یہ اعلان سن کر حیران رہ گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کے اس فیصلے سے انہیں افسوس ہوا ہے۔ نوکیا نے اگلے برس ملازمتوں میں مزید کمی کا عندیہ بھی دیا ہے۔ کمپنی انتظامیہ کے مطابق فن لینڈ، ہنگری اور میکسیکو میں ملازمین کی تعداد میں کمی کی جا سکتی ہے۔